افغان لڑکا جہاز کے پچھلے پہیے میں چھپ کر زندہ بھارت پہنچ گیا

ایک 13 سالہ افغان لڑکا جہاز کے پچھلے پہیے کے خانے میں چھپ کر کابل سے بھارت پہنچ گیا اور انتہائی خطرناک سفر کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق افغان کم عمر لڑکے نے 94 منٹ کی پرواز مکمل کی اور دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اور جسمانی طور پر مستحکم حالت میں اترا۔ یہ واقعہ افغانستان سے کام ایئر کی پرواز پر پیش آیا جس کی تصدیق چار قابل اعتماد ذرائع نے کی۔

فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق ایئربس A340 صبح 8 بج کر 46 منٹ پر کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا اور 10 بج کر 20 منٹ پر دہلی کے ٹرمینل 3 پر اترا۔ لڑکا، جو کُرتا پاجامہ پہنے ہوئے تھا، اصل میں ایران جانا چاہتا تھا لیکن غلطی سے بھارت جانے والی پرواز پر سوار ہوگیا۔ اس نے اعتراف کیا کہ وہ کابل ایئرپورٹ میں دوسرے مسافروں کے پیچھے چلتے ہوئے داخل ہوا اور بورڈنگ کے دوران خفیہ طور پر جہاز کے پہیے کے خانے میں چھپ گیا۔

یہ واقعہ کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اسکریننگ پر سنجیدہ سوالات کھڑا کرتا ہے۔ حقیقت تب سامنے آئی جب طیارہ لینڈ کرنے کے بعد تمام مسافر اتر گئے اور ایک گراؤنڈ ہینڈلر نے لڑکے کو ایئرپورٹ کے احاطے میں چلتے دیکھا اور فوراً حکام کو اطلاع دی۔ سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس نے اسے حراست میں لیا اور بعد میں ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا۔ چونکہ وہ کم عمر ہے اس لیے اس کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔

ایک ایوی ایشن ماہر نے اس عمل کو نہایت خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں جہاز کے باہر زندہ بچنا تقریباً ناممکن ہے۔ ایک ڈاکٹر نے بھی سخت موسم اور جسمانی مشکلات کے باوجود اس کی بقا کو ایک معجزے سے کم نہیں کہا۔  

 

X