دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی، بٹ کوائن، کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جو گزشتہ چار مہینوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، بٹ کوائن کی قیمت 6.7 فیصد کمی کے ساتھ 99,936 ڈالر تک گر گئی — جو جون کے بعد پہلی بار ہے کہ اس کی قیمت 100,000 ڈالر کی حد سے نیچے آئی ہے۔ پچھلے مہینے، بٹ کوائن نے اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح 126,000 ڈالر کو چھوا تھا، لیکن اس کے بعد سے مارکیٹ میں 20 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن کے ساتھ دیگر ڈیجیٹل کرنسیاں (کرپٹو کرنسیاں) بھی اس گراوٹ سے متاثر ہوئی ہیں۔ ایتھیریم کی قیمت میں 10 فیصد کمی آئی، جبکہ ایکس آر پی کی قدر 6 فیصد گر گئی۔ بٹ کوائن کی اس مسلسل گراوٹ کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی دیکھی گئی، جہاں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 1.2 فیصد اور نیس ڈیک 2 فیصد تک نیچے آیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق، ڈیجیٹل کرنسی مارکیٹ میں حالیہ کمی کی سب سے بڑی وجہ سرمایہ کاروں کی غیر یقینی صورتحال، محتاط رویہ اور اعتماد میں کمی ہے، جس نے عالمی کرپٹو مارکیٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔