پنجاب کے کئی شہروں میں بادل چھا گئے، لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر آلود موسم جاری ہے، جبکہ لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

بارش سے ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، فیروزپور روڈ، گلبرگ، کینال روڈ اور مسلم ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے لاہور میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جبکہ فیڈر ٹرپ ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

بارش سے پنجاب کے دیگر شہروں، جن میں منچن آباد، سانگلہ ہل، ننکانہ صاحب اور پنڈی بھٹیاں شامل ہیں، کا موسم بھی خوشگوار ہو گیا ہے۔

X