بھارتی میڈیا کے مطابق، چنائی ایئرپورٹ حکام نے 32 سالہ اداکار وِشال برہما کے بیگ سے 40 کروڑ بھارتی روپے (1.26 ارب پاکستانی روپے) مالیت کی بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی، اور انہیں قانونی کارروائی کے سلسلے میں مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔
وشال برہما سنگاپور سے چنائی ایئر انڈیا کی پرواز AI 347 کے ذریعے پہنچا، جہاں محصولات کی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ (DRI) کے اہلکاروں نے اس کی تلاشی لی اور اس کے قبضے سے غیر قانونی منشیات میتھاکوالون برآمد کرکے ضبط کر لی، اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے حراست میں لے لیا گیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اداکار کو مبینہ طور پر نائیجیریا کے ایک منشیات کارٹل نے منشیات سمگل کرنے کے لیے اپنا بیگ استعمال کرنے کے عوض بڑی رقم ادا کی تھی۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اداکار سے تفتیش جاری ہے اور بین الاقوامی نیٹ ورک کے مکمل دائرے کو سامنے لانے کے لیے تحقیقات کو وسیع کیا جا رہا ہے۔
وشال برہما نے 2019 کی فلم "اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2" میں اپنی اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے اور ناظرین کو متاثر کیا۔ یہ اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں ہے، کیونکہ پچھلے ماہ اداکارائیں راگنی دیویوی اور سنجنا گالرانی بھی سمگلنگ کے الزامات میں گرفتار ہو چکی تھیں۔
دونوں اداکارائیں کَنڑ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھتی تھیں اور منشیات کے ریکیٹ کی تحقیقات کے دوران بنگلور پولیس نے ان کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں حراست میں لے لیا۔
مارچ میں، اداکارہ رانیہ راؤ کو بنگلور ایئرپورٹ پر 14 کلو سونا غیر قانونی طور پر اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ انہیں دبئی کے سفر سے واپس آتے ہوئے حراست میں لیا گیا اور متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
حاصل شدہ سونا تقریباً 12 کروڑ روپے (تقریباً 38 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کا تھا، جسے اس نے اپنے جسم کے مختلف حصوں میں چھپا رکھا تھا۔ مزید تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ وہ ایک بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ تھی اور اس کا اس نیٹ ورک میں اہم کردار تھا، جس کے تحت غیر قانونی طور پر سونا درآمد اور برآمد کیا جا رہا تھا۔