میٹا نے آخرکار آئی پیڈ ٹیبلٹس کے لیے انسٹاگرام ایپ لانچ کر دی ہے۔ اگر آپ کے پاس ایپل کے کسی بھی ماڈل کا ٹیبلٹ ہے تو اب آپ اس پر انسٹاگرام استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ اعلان میٹا نے ایک بلاگ پوسٹ میں کیا۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ لوگ کافی عرصے سے اس کی درخواست کر رہے تھے، لیکن بڑے اسکرین پر انسٹاگرام کا تجربہ بہتر بنانے میں وقت لگا۔ اکتوبر 2010 سے انسٹاگرام ایپل آئی فونز پر دستیاب ہے اور تب سے صارفین آئی پیڈ ایپ مانگ رہے تھے۔ حیرت کی بات ہے کہ انسٹاگرام کی ایپس کئی سال پہلے اینڈرائیڈ، ویب اور ونڈوز موبائل کے لیے جاری کی گئی تھیں، لیکن آئی پیڈ کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا۔ آئی پیڈ کے لیے انسٹاگرام ایپ میں تقریباً تمام فیچرز شامل ہوں گے اور صارفین انسٹاگرام ان باکس تک بھی رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ اس میں “Following” نام کا ایک نیا ٹیب بھی ہوگا۔ اس حصے میں تین ٹیب ہوں گے: آل، فرینڈز اور لیٹسٹ۔ ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ یہ نیا ٹیب انسٹاگرام کی دوسری ڈیوائسز کی ایپس میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔ میٹا کے مطابق آئی پیڈ صارفین ایپل ایپ اسٹور سے انسٹاگرام ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، لیکن ان کے ٹیبلٹ پر iPadOS 15.1 یا اس کے بعد کے ورژنز ہونا لازمی ہے۔