چینی سائنسدانوں نے دوبارہ چارج ہونے والے، مختلف رنگوں کے اندھیرا میں چمکنے والے پودے تیار کیے ہیں جو تاریکی میں روشنی دے سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یہ پودے اسٹریٹ لائٹس کا متبادل بھی بن سکتے ہیں۔
یہ کامیابی ساؤتھ چائنا ایگریکلچرل یونیورسٹی کے محققین نے حاصل کی، جنہوں نے اسٹرونٹیم ایلومینیٹ کو ایچیویریا میبینا نامی پودے کے پتوں میں منتقل کیا، یہ وہی مادہ ہے جو عام طور پر اندھیرے میں چمکنے والے کھلونوں میں استعمال ہوتا ہے۔
اس سے پہلے روشنی خارج کرنے والے پودے صرف سبز رنگ میں چمکتے تھے، لیکن اس نئی تکنیک کے ساتھ اب پودے سرخ، نیلے اور سبز رنگوں میں روشن ہوتے ہیں۔
محقق شوٹن لیو نے کہا، تصور کریں اگر درخت رات کو اسٹریٹ لائٹس کی جگہ سڑکوں کو روشن کریں، تو ماحول کتنا خوبصورت ہوگا۔ ہمارا مقصد قدرتی روشنی کو توانائی کے طور پر محفوظ کرنا اور اندھیرے میں خارج کرنا ہے، بالکل ایک ایسے چراغ کی طرح جو سورج کی روشنی سے دوبارہ چارج ہو سکے۔
اگرچہ یہ پودے اتنی روشنی نہیں دیتے کہ انہیں کارآمد روشنی کہا جا سکے، لیکن انہیں سجاوٹی نائٹ لیمپ یا سجاوٹ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔