ایران میں سالانہ مہنگائی کی شرح 66 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ایران کے شماریاتی مرکز کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں سالانہ مہنگائی کی شرح بڑھ کر 66 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران کم از کم 8 ضروری اشیاء کی قیمتیں دو گنا سے بھی زیادہ بڑھ چکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، خوراک اور مشروبات کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 128 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جولائی میں ماہانہ مہنگائی کی شرح 3.1 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق، یہ اعداد و شمار ایران میں بڑھتے ہوئے مہنگائی اور زندگی گزارنے کے اخراجات کے بحران کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں اور اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بین الاقوامی پابندیوں اور علاقائی تنازعات کے اخراجات کے مشترکہ دباؤ کے باعث ملک کی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔