وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم کو دانش اسکول اسلام آباد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ یہ اسکول 30 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی کلاسز شروع ہو چکی ہیں۔ ہر جماعت میں 120 طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 360 ذہین طلبہ و طالبات کو 100 فیصد میرٹ کی بنیاد پر اسکول میں داخلہ دیا گیا ہے۔ اب تک 38 اساتذہ بھرتی کیے جا چکے ہیں، جبکہ اسکول کی ضروریات کے مطابق تدریسی عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
اسکول میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ تعلیمی بلاکس بنائے گئے ہیں۔ ہر بلاک میں 24 کلاس رومز، آئی ٹی لیبز، سائنس لیبز اور روبوٹکس لیبز موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اسکول میں ای لائبریری اور آرٹ روم بھی قائم کیا گیا ہے۔