امریکہ نے ایران کی 15 رکنی وفد کو فیفا ورلڈ کپ کے لیے ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکہ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی ایرانی وفد کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ برطانوی میڈیا نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ نے ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں اور تکنیکی اسٹاف کو ویزے جاری کر دیے ہیں، لیکن ٹیم کی انتظامیہ اور مینجمنٹ کے اراکین کے ویزوں میں مسائل ہیں اور انہیں اب تک امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق جن افراد کو ویزے نہیں ملے وہ ٹیم کے لیے بہت اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مهدی تاج، ٹیم منیجر، ٹیم میڈیا آفیسر، سیکیورٹی ٹیم کے ارکان اور وزارت خارجہ کے نمائندوں کو اب تک ویزے جاری نہیں کیے گئے۔ ایرانی حکام نے اس معاملے میں فیفا سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ ایک روز قبل امریکہ نے تصدیق کی تھی کہ ایرانی کھلاڑیوں کو آنے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے امریکہ جانے کی اجازت ہوگی، اور امریکی حکام نے کہا تھا کہ ایرانی کھلاڑیوں اور ضروری سپورٹ اسٹاف کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ 2026 کے لیے میکسیکو روانہ ہو چکی ہے۔ ایرانی ٹیم اپنا پہلا گروپ میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، اور ٹیم بیلجیم کے خلاف بھی لاس اینجلس میں میچ کھیلے گی۔

X