ہر حقیقت مجاز ہو جائے
فیض احمد فیض

ہر حقیقت مجاز ہو جائے

کافروں کی نماز ہو جائے

دل رہین نیاز ہو جائے

بیکسی کارساز ہو جائے

منت چارہ ساز کون کرے

درد جب جاں نواز ہو جائے

عشق دل میں رہے تو رسوا ہو

لب پہ آئے تو راز ہو جائے

لطف کا انتظار کرتا ہوں

جور تا حد ناز ہو جائے

عمر بے سود کٹ رہی ہے فیضؔ

کاش افشائے راز ہو جائے

Pakistanify News Subscription

X