آواز کے ہم راہ سراپا بھی تو دیکھوں
پروین شاکر

آواز کے ہم راہ سراپا بھی تو دیکھوں

اے جان سخن میں تیرا چہرہ بھی تو دیکھوں

دستک تو کچھ ایسی ہے کہ دل چھونے لگی ہے

اس حبس میں بارش کا یہ جھونکا بھی تو دیکھوں

صحرا کی طرح رہتے ہوئے تھک گئیں آنکھیں

دکھ کہتا ہے میں اب کوئی دریا بھی تو دیکھوں

یہ کیا کہ وہ جب چاہے مجھے چھین لے مجھ سے

اپنے لئے وہ شخص تڑپتا بھی تو دیکھوں

اب تک تو مرے شعر حوالہ رہے تیرا

اب میں تری رسوائی کا چرچا بھی تو دیکھوں

اب تک جو سراب آئے تھے انجانے میں آئے

پہچانے ہوئے رستوں کا دھوکا بھی تو دیکھوں

Pakistanify News Subscription

X