آئے بھی تو وہ منہ کو چھپائے مرے آگے
داغؔ دہلوی

آئے بھی تو وہ منہ کو چھپائے مرے آگے

اس طرح سے آئے کہ نہ آئے مرے آگے

بجھتے ہوئے دیکھوں گا نہ میں دل کی لگی کو

کوئی نہ کبھی شمع بجھائے مرے آگے

تیور یہی کہتے تھے کہ یہ نام ہے میرا

لکھ کر کئی حرف اس نے مٹائے مرے آگے

بچھڑے ہوئے معشوق ملیں سب کو الٰہی

تنہا کوئی جنت میں نہ جائے مرے آگے

کچھ داغؔ کا مذکور جو آیا تو وہ بولے

آئے تھے برا حال بنائے مرے آگے

Pakistanify News Subscription

X