جب مئے لالہ فام ہوتی ہے
مجھ کو توبہ حرام ہوتی ہے
خوبرو وہ ہے جس کی خو اچھی
شمع صورت حرام ہوتی ہے
یہ سنا ہے کہ برہمن سے بھی
شیخ کی رام رام ہوتی ہے
تیرا وعدہ ہے کس قیامت کا
رات دن صبح و شام ہوتی ہے
ہجر کا دن ڈھلے تو ہم جانیں
صبح کے بعد شام ہوتی ہے
پہلے اے داغؔ کچھ نہ ہوش آیا
دل کی اب روک تھام ہوتی ہے