غیر ہو ناشاد کیوں کیسی کہی
چاہتا ہوں داد کیوں کیسی کہی
پہلے گالی دی سوال وصل پر
پھر ہوا ارشاد کیوں کیسی کہی
تم نے دل کی بات کیوں کیسی سنی
ہم نے یہ روداد کیوں کیسی کہی
مانگتے تھے میرے ملنے کی دعا
وہ بھی دن ہیں یاد کیوں کیسی کہی
تو بھی اے ناصح کسی پر جان دے
ہاتھ لا استاد کیوں کیسی کہی
داغؔ تجھ کو باغ جنت ہو نصیب
خانماں برباد کیوں کیسی کہی