لرزش پردۂ اظہار کا مطلب کیا ہے
ہے یہ دیوار تو دیوار کا مطلب کیا ہے
جس کا انکار ہتھیلی پہ لیے پھرتا ہوں
جانتا ہی نہیں انکار کا مطلب کیا ہے
ایک بار اس نے اگر دے ہی دیا صاف جواب
پھر اسی بات پہ اصرار کا مطلب کیا ہے
بیچنا کچھ نہیں اس نے تو خریدار ہیں کیوں
آخر اس گرمئ بازار کا مطلب کیا ہے
اس کی راہوں میں بکھر جائے یہ خاکستر چشم
اور اپنے لیے دیدار کا مطلب کیا ہے
ربط باقی نہیں الفاظ و معانی میں ظفرؔ
کیا کہیں اس سے کہ اس پیار کا مطلب کیا ہے