کس کی آواز کان میں آئی
یگانہ چنگیزی

کس کی آواز کان میں آئی

دور کی بات دھیان میں آئی

ایسی آزاد روح اس تن میں

کیوں پرائے مکان میں آئی

آپ آتے رہے بلاتے رہے

آنے والی اک آن میں آئی

یہ کنارہ چلا کہ ناؤ چلی

کہئے کیا بات دھیان میں آئی

علم کیا علم کی حقیقت کیا

جیسی جس کے گمان میں آئی

بات ادھوری مگر اثر دونا

اچھی لکنت زبان میں آئی

میں پیمبر نہیں یگانہؔ سہی

اس سے کیا کسر شان میں آئی

Pakistanify News Subscription

X