Chapter 102, Jild 102 of Muslim in Urdu & English translation. In this chapter, Imam Bukhari has discussed the Revelation related Hadees. There are total 145 Hadith in this chapter, all hadees are given by the hadees numbers and proper reference to keep it authentic. You can search the hadees of this Jild or other chapters easily in Arabic, Urdu or English text.
حدیث نمبر 1
ابومالک اشعری رضی اللہ عنہ سے (جن کا نام حارث یا عبید یا کعب بن عاصم یا عمرو ہے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”طہارت آدھے ایمان کے برابر ہے۔ اور «الحمد لله» بھر دے گا ترازو کو (یعنی اس قدر اس کا ثواب عظیم ہے کہ اعمال تولنے کا ترازو اس کے اجر سے بھر جائے گا) اور «سبحان الله» اور «الحمدلله» دونوں بھر دیں گے آسمانوں اور زمین کے بیچ کی جگہ کو (اگر ان کا ثواب ایک جسم کی شکل میں فرض کیا جائے) اور نماز نور ہے اور صدقہ دلیل ہے اور صبر روشنی ہے اور قرآن تیری دلیل ہے۔ دوسرے پر یا دوسرے کی دلیل ہے تجھ پر (یعنی اگر سمجھ کر پڑھے اور فائدہ اٹھائے تو تیری دلیل ہے نہیں تو دوسرے کو فائدہ ہو گا اور تو محرم رہے گا)، ہر ایک آدمی (بھلا ہو یا برا) صبح کو اٹھتا ہے یا پھر اپنے تئیں آزاد کرتا ہے (نیک کام کر کے اللہ کے عذاب سے) یا (برے کام کر کے) اپنے آپ کو تباہ کرتا ہے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 2
سیدنا مصعب بن سعد سے روایت ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما ابن عامر کے پاس آئے وہ بیمار تھے ان کے پوچھنے کو۔ ابن عامر نے کہا: اے ابن عمر! تم میرے لئے دعا نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”اللہ نہیں قبول کرتا نماز کو بغیر طہارت کے اور نہیں قبول کرتا صدقہ اس مال غنیمت میں سے جو تقسیم سے پہلے اڑا لیا جائے۔“ اور تم تو بصرے کے حاکم ہو چکے ہو۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 3
اس سند سے بھی مذکورہ بالا حدیث آئی ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 4
ہمام بن منبہ سے روایت ہے، جو وہب بن منبہ کے بھائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ حدیثیں ہیں جو سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے، پھر ذکر کیا کئی حدیثوں کو، ان میں سے ایک حدیث یہ بھی تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ نہیں قبول کرتا تم میں سے کسی کی نماز جب وہ بے وضو ہو یہاں تک کہ وہ وضو کرے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 5
سیدنا حمران رضی اللہ عنہ سے روایت ہے جو مولیٰ (آزاد کئے ہوئے غلام) تھے سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے، انہوں نے کہا کہ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ نے وضو کا پانی منگوایا اور وضو کیا، تو پہلے دونوں ہاتھوں کو (پہنچوں تک) تین بار دھویا، پھر کلی کی اور ناک میں پانی ڈالا، پھر تین بار منہ دھویا، پھر داہنا ہاتھ دھویا کہنی تک تین بار، پھر بایاں ہاتھ دھویا تین بار، پھر مسح کیا سر پر، پھر داہنا پاؤں دھویا تین بار، پھر بایاں پاؤں دھویا تین بار، بعد اس کے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا اسی طرح جیسے میں نے اب وضو کیا۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص میرے وضو کی طرح وضو کرے پھر دو رکعتیں پڑھے کھڑے ہو کر بیچ میں ان کے اور کسی خیال میں غرق نہ ہو تو اس کے اگلے گناہ سب بخش دئیے جائیں گے۔“ ابن شہاب رحمہ اللہ نے کہا: ہمارے علماء کہتے تھے کہ یہ وضو سب وضوؤں میں پورا ہے جو نماز کے لیے کیا جائے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 6
حمران سے روایت ہے جو مولیٰ (آزاد کردہ غلام) تھے۔ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے، انہوں نے دیکھا سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کو انہوں نے ایک برتن پانی کا منگوایا اور اپنے دونوں ہاتھوں پر تین بار پانی ڈالا، ان کو دھویا، پھر داہنا ہاتھ برتن کے اندر ڈال دیا اور کلی کی اور ناک میں پانی ڈالا، پھر منہ کو تین بار دھویا اور دونوں پاؤں کو تین بار دھویا پھر کہا، کہ فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ”جو شخص میرے اس وضو کی طرح وضو کرے۔ بعد اس کے دو رکعتیں پڑھے اور دل کو خیال نہ لگائے تو اس کے اگلے گناہ بخش دیئے جائیں گے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 7
حمران سے روایت ہے جو مولیٰ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے، انہوں نے کہا کہ میں نے سنا سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے وہ مسجد کے سامنے تھے اتنے میں مؤذن ان کے پاس آیا، عصر کی نماز کے وقت۔ انہوں نے وضو کا پانی منگوایا اور وضو کیا۔ پھر کہا: قسم اللہ کی! میں تم سے ایک حدیث بیان کرتا ہوں اگر اللہ کی کتاب میں ایک آیت نہ ہو تو میں تم سے بیان نہ کرتا۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”جو شخص اچھی طرح وضو کرے پھر نماز پڑھے تو اس کے وہ گناہ بخش دیئے جائیں گے جو اس نماز سے لے کر دوسری نماز تک ہوں گے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 8
ابواسامہ کی حدیث میں یہ الفاظ ہیں کہ اچھی طرح وضو کرنے کے بعد فرض نماز ادا کرے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 9
حمران سے روایت ہے جب سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ وضو کر چکے تو انہوں نے کہا: قسم اللہ کی! میں تم سے ایک حدیث بیان کرتا ہوں۔ اگر اللہ کی کتاب میں ایک آیت نہ ہوتی تو میں اس حدیث کو تم سے بیان نہ کرتا، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”جو شخص اچھی طرح وضو کرے پھر نماز پڑھے تو اس کے وہ گناہ بخش دیئے جائیں گے جو اس نماز کے بعد سے دوسری نماز تک ہوں گے۔“ عروہ نے کہا: وہ آیت یہ ہے: «إِنَّ الَّذِينَ يَكْتُمُونَ مَا أَنْزَلْنَا مِنْ الْبَيِّنَاتِ وَالْهُدَى» سے «اللَّاعِنُونَ» تک۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 10
عمرو بن سعید بن عاص سے روایت ہے، میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا تھا، انہوں نے وضو کا پانی منگوایا، پھر کہا: میں نے سنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”جو کوئی مسلمان فرض نماز کا وقت پائے، پھر اچھی طرح وضو کرے، اور دل لگا کر نماز پڑھے اور اچھی طرح رکوع (اور سجدہ) کرے تو یہ نماز اس کے اگلے گناہوں کا کفارہ ہو جائے گی جب تک کبیرہ گناہ نہ کرے اور ہمشہ ایسا ہی ہوا کرے گا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 11
حمران سے روایت ہے جو مولیٰ تھے سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے، انہوں نے کہا: میں عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے پاس وضو کا پانی لایا۔ انہوں نے وضو کیا پھر کہا کہ بعض لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسی حدیثیں نقل کرتے ہیں جن کو میں نہیں جانتا مگر میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا اس طرح جیسے میں نے وضو کیا پھر فرمایا: ”جو شخص اس طرح وضو کرے گا اس کے اگلے گناہ بخش دیئے جائیں گے اور اس کو نماز کا اور مسجد میں جانے کا الگ ثواب ہو گا۔“ ابن عبدہ کی روایت میں یوں ہے کہ حمران نے کہا: میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے پاس آیا، انہوں نے وضو کیا (یعنی پانی لانے کا ذکر نہیں)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 12
ابوانس (مالک بن ابی عامر اصبحی مدنی جو دادا ہیں امام مالک رحمہ اللہ کے) سے روایت ہے کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے وضو کیا مقاعد میں، پھر کہا: کیا میں تم کو دکھلاؤں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وضو؟ پھر وضو کیا تین تین بار۔ قتیبہ کی روایت میں اتنا زیادہ ہے کہ جس وقت سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے یہ حدیث بیان کی اس وقت ان کے پاس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کئی اصحاب رضی اللہ عنہم موجود تھے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 13
حمران بن ابان سے روایت ہے، میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے لیے طہارت کا پانی رکھا کرتا تھا وہ ہر روز ایک تھوڑے پانی سے نہا لیا کرتے (یعنی غسل کر لیتے واسطے تکمیل طہارت اور زیادتی ثواب کے) سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے حدیث بیان کی۔ جب ہم اس نماز سے فارغ ہوئے مسعر نے کہا۔ (جو اس حدیث کا راوی ہے) میں سمجھتا ہوں وہ عصر کی نماز تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نہیں جانتا تم سے اس ایک حدیث بیان کروں یا چپ رہوں۔“ ہم نے کہا: یا رسول اللہ! اگر بہتری کی بات ہو تو بیان کیجئے اور جو بہتر نہ ہو تو اللہ اور اس کا رسول خوب جانتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو مسلمان طہارت کرے پھر پوری طہارت کرے جس کو اللہ تعالیٰ نے فرض کیا ہے اور پانچوں نمازیں پڑھے اس کے وہ گناہ معاف ہو جائیں گے جو ان نمازوں کے بیچ میں کرے گا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 14
جامع بن شداد سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے حمران بن ابان سے سنا، وہ حدیث بیان کرتے تھے، ابوبردہ سے بشر کی حکومت میں (یعنی اس کی حکومت کے زمانے میں) سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ نے کہا کہ فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے: ”جو شخص پورا کرے وضو کو جس طرح اللہ نے حکم کیا ہے تو اس کی فرض نمازیں کفارہ ہوں گی ان گناہوں کا جو ان کے بیچ میں کرے۔“ یہ روایت ہے ابن معاذ کی غندر کی روایت میں یہ عبارت نہیں (بشر کی امارت میں) نہ فرض نمازوں کا بیان ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 15
حمران سے روایت ہے، جو مولیٰ تھے سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے ایک دن اچھی طرح وضو کیا .... پھر کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا اچھی طرح بعد اس کے فرمایا: ”جو شخص اس طرح وضو کرے اور بعد اس کے مسجد میں جائے لیکن نماز ہی کے لیے اٹھے (یعنی اور کوئی کام کی نیت نہ ہو بلکہ خالص نماز ہی کے قصد سے اٹھے) تو اس کے اگلے گناہ بخش دیئے جائیں گے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 16
سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”جو شخص نماز کے لیے پورا وضو کرے پھر فرض نماز کے لیے (مسجد کو) چلے اور لوگوں کے ساتھ یا جماعت سے یا مسجد میں نماز پڑھے تو اللہ اس کے گناہ بخش دے گا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 17
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پانچوں نمازیں اور جمعہ، جمعہ تک کفارہ ہیں ان گناہوں کا جو ان کے بیچ میں ہوں، جب تک کبیرہ گناہ نہ کرے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 18
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پانچوں نمازیں اور جمعہ، جمعہ تک یہ کفارہ ہو جاتی ہیں ان کے درمیان میں کیے گئے گناہوں کا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 19
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ پانچوں نمازیں اور جمعہ، جمعہ تک اور رمضان، رمضان تک کفارہ ہو جاتے ہیں ان گناہوں کا جو ان کے بیچ میں ہوں بشرطیکہ کبیرہ گناہوں سے بچے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 20
سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، ہم لوگوں کو اونٹ چرانے کا کام تھا، میری باری آئی تو میں اونٹوں کو چرا کر شام کو ان کے رہنے کی جگہ لے کر آیا تو میں نے دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے لوگوں کو وعظ سنا رہے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”: جو مسلمان اچھی طرح سے وضو کرے، پھر کھڑا ہو کر دو رکعتیں پڑھے، اپنے دل کو اور منہ کو لگا کر (یعنی ظاہر اور باطناً متوجہ رہے، نہ دل میں اور کوئی دنیا کا خیال لائے، نہ منہ ادھر ادھر پھرائے) اس کے لیے جنت واجب ہو جائے گی۔“ میں نے کہا: کیا عمدہ بات فرمائی (جس کا ثواب اس قدر بڑا ہے اور محنت بہت کم ہے) ایک شخص میرے سامنے تھا، وہ بولا پہلی بات اس سے بھی عمدہ تھی۔ میں نے دیکھا تو وہ عمر رضی اللہ عنہ تھے۔ انہوں نے کہا: میں سمجھتا ہوں تو ابھی آیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو کوئی تم میں سے وضو کرے اچھی طرح پورا وضو، پھر کہے: «أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُ اللَّهِ وَرَسُولُهُ» یعنی گواہی دیتا ہوں میں کوئی عبادت کے لائق نہیں سوائے اللہ کے اور محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اس کے بندے ہیں اور بھیجے ہوئے ہیں۔ کھولے جائیں گے اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے جس میں سے چاہے جائے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 21
سیدنا عقبہ بن عامر سے ایک اور سند سے یہ الفاظ منقول ہیں کہ جس نے وضو کیا اور یہ دعا پڑھی: «أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ» ۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 22
سیدنا عبداللہ بن زید بن عاصم انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ صحابی تھے۔ ان سے لوگوں نے کہا کہ ہم کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سا وضو کر کے بتائیے۔ انہوں نے ایک برتن (پانی کا) منگوایا، اس کو جھکا کر پہلے دونوں ہاتھوں پر پانی ڈالا (اس سے معلوم ہوا کہ وضو کے شروع میں دونوں ہاتھ پہنچوں کا دھونا مستحب ہے، پانی میں ہاتھ ڈالنے سے پہلے) اور دھویا ان کو تین بار، پھر ہاتھ برتن کے اندر ڈالا اور باہر نکالا اور ایک ہی چلو سے کلی کی اور ناک میں پانی ڈالا تین بار ایسا کیا، پھر (برتن میں) ہاتھ ڈالا اور باہر نکالا اور منہ کو تین بار دھویا (بخاری کی روایت میں ہے دونوں چلو ملا کر پانی لیا اور تین بار منہ دھویا) پھر برتن میں ہاتھ ڈالا اور باہر نکالا اور اپنے دونوں ہاتھ کہنیوں تک دو بار دھوئے۔ پھر ہاتھ ڈالا برتن میں اور باہر نکالا اور سر پر مسح کیا، پہلے دونوں ہاتھوں کو سامنے سے لے گئے، پھر پیچھے سے لے گئے پھر دونوں پاؤں دھوئے ٹخنوں تک، بعد اس کے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسی طرح وضو کرتے تھے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 23
اس سند سے یہ روایت بھی منقول ہے مگر اس میں یہ لفظ نہیں (ٹخنوں تک)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 24
عمرو بن یحییٰ سے اسی اسناد سے روایت ہے، اس میں یہ ہے کہ کلی کی اور ناک میں پانی ڈالا۔ تین بار اور یہ نہیں کہا کہ ایک چلو سے اور آگے سے لے گئے، اور پیچھے سے لے گئے، کے بعد اتنا زیادہ کیا کہ پہلے سر کا مسح آگے سے شروع کیا اور گدی تک لے گئے۔ پھر پھیر کر لائے۔ دونوں ہاتھوں کو اسی مقام پر جہاں سے شروع کیا تھا اور دونوں پاؤں دھوئے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 25
اس سند سے حدیث پہلی سندوں کی طرح ہی ہے مگر اس میں الفاظ ہیں کہ کلی کی، ناک میں پانی چڑھایا اور جھاڑا تین چلو سے اور اس میں فرق یہ ہے کہ پھر مسح کیا سر کا، آگے سے پیچھے لے گئے اور پیچھے سے واپس لے آئے ایک ہی مرتبہ۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 26
عبداللہ بن زید بن عاصم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے دیکھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو، ”آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا پھر کلی کی، پھر ناک میں پانی ڈالا، پھر منہ دھویا تین بار اور داہنا ہاتھ تین بار اور بایاں ہاتھ تین بار اور سر پر مسح کیا نیا پانی لے کر، نہ اس پانی سے جو ہاتھ میں لگا تھا اور دونوں پاؤں دھوئے یہاں تک کہ ان کو صاف کیا“۔ابوطاہر نے کہا: ہم سے ابن وھب نے عمرو بن الحارث سے بیان کیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 27
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کوئی تم سے پائخانہ کی جگہ ڈھیلوں سے صاف کرے تو طاق ڈھیلوں سے صاف کرے اور جب کوئی تم میں سے وضو کرے تو ناک میں پانی ڈالے پھر ناک چھینکے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 28
ہمام بن منبہ سے روایت ہے، سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سن کر یہ حدیثیں ہم سے بیان کیں، پھر انہوں نے ذکر کیا کئی حدیثوں کو، ایک ان میں سے یہ بھی تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”جب کوئی تم میں سے وضو کرے تو دونوں نتھنوں کو صاف کرے پانی سے پھر ناک چھینکے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 29
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص وضو کرے تو ناک میں پانی ڈالے اور جو شخص استنجاء کرے تو طاق بار کرے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 30
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ اور سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ دونوں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اسی طرح حدیث بیان کرتے ہیں۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 31
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی جاگے تو ناک چھنکے تین بار اس لئے کہ شیطان اس کے بانسے پر رہتا ہے یا ناک میں۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 32
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کوئی تم میں سے استنجاء کرے تو طاق بار کرے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 33
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما گئے، جس دن سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے انتقال کیا تو انہوں نے وضو کیا۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: اے عبدالرحمٰن! وضو پورا کرو۔ میں نے سنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”خرابی ہے ایڑیوں والوں کے لئے جہنم کی آگ سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 34
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اسی طرح روایت کرتی ہیں مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 35
سالم کہتے ہیں میں اور سیدنا عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کے جنارے میں شریک تھے کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہاکے حجرے کے پاس سے گزرے۔ باقی گزشتہ حدیث کی طرح بیان کی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 36
سالم کہتے ہیں جو مولیٰ تھے شداد بن الھاد کے، میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس تھا باقی پہلے والی حدیث بیان کی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 37
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مکہ سے مدینہ کو لوٹے۔ راہ میں ایک جگہ پانی ملا۔ عصر کی نماز کا وقت ہو گیا تھا۔ لوگوں نے جلدی جلدی وضو کیا۔ ہم جو ان کے پاس پہنچے تو ان کی ایڑیاں سوکھی معلوم ہوتی تھیں، ان پر پانی نہیں لگا تھا تب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”خرابی ہے ایڑیوں کے لئے آگ سے پورا کرو وضو کو۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 38
یہ روایت ایک دوسری سند کے ساتھ بھی مروی ہے لیکن اس میں ”وضو مکمل کرو“ جملہ منقول نہیں ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 39
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دیکھا جس نے (وضو میں) اپنی ایڑھی نہیں دھوئی تھی، تو فرمایا: ”خرابی ہے ایڑیوں کی جہنم کی آگ سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 40
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کچھ لوگوں کو دیکھا جو بدھنی سے وضو کر رہے تھے تو کہا: پورا کرو وضو کو کیونکہ میں نے سنا ابوالقاسم صلی اللہ علیہ وسلم سے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”خرابی ہے کونچوں کے لیے انگار سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 41
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”خرابی ہے ایڑیوں کی آگ سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 42
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”خرابی ہے ایڑیوں کی آگ سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 43
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مجھ سے بیان کیا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہ ایک شخص نے وضو کیا اور ناخن برابر اپنے پاؤں میں سوکھا چھوڑ دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے دیکھا تو فرمایا: ”جا اور اچھی طرح وضو کر کے آ۔“ وہ لوٹ گیا پھر آ کر نماز پڑھی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 44
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب بندہ مسلمان یا مؤمن (یہ شک ہے راوی کا) وضو کرتا ہے اور منہ دھوتا ہے تو اس کے منہ سے وہ سب گناہ (صغیرہ) نکل جاتے ہیں جو اس نے آنکھوں سے کئے پانی کے ساتھ یا آخری قطرہ کے ساتھ (جو منہ سے گرتا ہے یہ بھی شک ہے راوی کا) پھر جب ہاتھ دھوتا ہے تو اس کے ہاتھوں میں سے ہر ایک گناہ جو ہاتھ سے کیا تھا، پانی کے ساتھ یا آخری قطرہ کے ساتھ نکل جاتا ہے پھر جب پاؤں دھوتا ہے تو ہر ایک گناہ جس کو اس نے پاؤں سے چل کر کیا تھا۔ پانی کے ساتھ یا آخری قطرہ کے ساتھ نکل جاتا ہے یہاں تک کہ سب گناہوں سے پاک صاف ہو کر نکلتا ہے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 45
سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص اچھی طرح وضو کرے تو اس کے گناہ بدن سے نکل جاتے ہیں یہاں تک کہ ناخنوں کے نیچے سے بھی نکل جاتے ہیں۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 46
نعیم بن عبداللہ مجمر سے روایت ہے کہ میں نے سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو دیکھا وضو کرتے ہوئے۔ انہوں نے منہ دھویا تو اس کو پورا دھویا، پھر داہنا ہاتھ دھویا، یہاں تک کہ بازو کا ایک حصہ دھویا، پھر بایاں ہاتھ دھویا، یہاں تک کہ بازو کا ایک حصہ دھویا، پھر سرکا مسح کیا، پھر سیدھا پاؤں دھویا، تو پنڈلی کا بھی ایک حصہ دھویا، پھر بایاں پاؤں دھویا یہاں تک پنڈلی کا بھی ایک حصہ دھویا، پھر کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایسا ہی وضو کرتے ہوئے دیکھا ہے اور فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے: ”تمہاری پیشانیاں اور ہاتھ پاؤں سفید (نورانی) ہوں گے قیامت کے دن وضو پورا کرنے کی وجہ سے، پھر جو کوئی تم میں سے اپنے منہ اور ہاتھ پاؤں کا دھونا بڑھا سکے تو بڑھائے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 47
نعیم بن عبداللہ سے روایت ہے، انہوں نے دیکھا سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو وضو کرتے ہوئے۔ انہوں نے منہ دھویا اور دونوں ہاتھ دھوئے۔ یہاں تک کہ مونڈھوں تک پہنچ گئے، پھر دونوں پاؤں دھوئے یہاں تک کہ پنڈلیوں تک پہنچ گئے۔ بعد اس کے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”میری امت کے لوگ قیامت کے روز سفید منہ اور ہاتھ پاؤں والے ہو کر آئیں گے وضو کے نشان سے، پھر جو کوئی تم میں سے اپنے منہ کو زیادہ دھو سکے وہ دھوئے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 48
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میرا حوض اتنا بڑا ہے کہ جیسے عدن سے ایلہ اس سے بھی زیادہ۔اس کا پانی برف سے زیادہ سفید اور شہد دودھ سے زیادہ میٹھا ہے اور اس پر جو برتن رکھے ہوئے ہیں، وہ شمار میں تاروں سے زیادہ ہیں اور میں لوگوں کو روکوں گا اس حوض سے جیسے کوئی دوسرے کے اونٹوں کو اپنے حوض سے روکتا ہے۔“ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپ ہم کو پہچان لیں گے اس دن؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں۔ تمہارا نشان ایسا ہو گا جو سوائے تمہارے کسی امت کے لئے نہ ہو گا۔ تم آؤ گے میرے سامنے سفید ہاتھ پاؤں لے کر وضو کی وجہ سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 49
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میری امت کے لوگ میرے حوض کوثر پر آئیں گے اور میں لوگوں کو ہٹاؤں گا اس پر سے جیسے ایک مرد دوسرے مرد کے اونٹوں کو ہٹاتا ہے۔“ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپ ہم کو پہچان لیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں تمہاری نشانی ایسی ہو گی جو کسی امت کے پاس نہ ہو گی۔ تم آؤ گے میرے پاس سفید پیشانی اور ہاتھ پاؤں لے کر وضو کی وجہ سے اور ایک گروہ روکا جائے گا میرے پاس آنے سے وہ مجھ تک نہ آ سکے گا، تب عرض کروں گا اے پروردگار! یہ تو میرے لوگ ہیں۔ اس وقت ایک فرشتہ مجھے جواب دے گا تم نہیں جانتے جو ان لوگوں نے تمہارے بعد دنیا میں نئے نئے کام کئے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 50
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میرا حوض اتنا بڑا ہے جیسے عدن سے ایلہ (ایک شہر ہے مصر اور شام کے بیچ میں) قسم ہے اس کی جس کے ہاتھ میں میر ی جان ہے میں لوگوں کو وہاں سے ہٹاؤں گا جیسے کوئی دوسرے کے اونٹوں کو اپنے حوض سے ہانکتا ہے۔“ لوگوں نے کہا: یارسول اللہ! آپ ہم کو پہچانیں گے؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں تم میرے پاس آؤ گے، سفید پیشانی، سفید ہاتھ پاؤں وضو کے نشان ہوں گے جو تمہارے سوا اور کسی امت پر نہ ہوں گے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 51
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قبرستان سے تشریف لائے تو فرمایا: ”سلام ہے تم پر یہ گھر ہے مسلمانوں کا اور ہم اللہ چاہے تو تم سے ملنے والے ہیں۔ میری آرزو ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کو دیکھیں۔“ (اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نیک بات کی آرزو کرنا درست ہے جیسے علما اور فضلا سے ملنے کی) صحابہ رضی اللہ عنہم نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم آپ کے بھائی نہیں ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم تو میرے اصحاب ہو اور بھائی ہمارے وہ لوگ ہیں جو ابھی دنیا میں نہیں آئے۔“ صحابہ رضی اللہ عنہم نے کہا: یا رسول اللہ! آپ کیسے پہچانیں گے اپنی امت کے ان لوگوں کو جن کو آپ نے نہیں دیکھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بھلا تم دیکھو اگر ایک شخص کے سفید پیشانی سفید ہاتھ پاؤں کے گھوڑے سیاہ مشکی گھوڑوں میں مل جائیں تو وہ اپنے گھوڑے نہیں پہچانے گا۔“ صحابہ رضی اللہ عنہم نے کہا: بے شک وہ تو پہچان لےگا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تو میری امت کے لوگ سفید منہ اور سفید ہاتھ پاؤں رکھتے ہوں گے قیامت کے دن وضو سے اور میں ان کا پیش خیمہ ہوں گا حوض کوثر پر۔ خبردار رہو بعض لوگ میرے حوض پر سے ہٹائے جائیں گے، جیسے بھٹکا ہوا اونٹ ہنکایا جاتا ہے۔میں ان کو پکاروں گا آؤآؤ۔ اس وقت کہا جائے گا:ان لوگوں نے اپنے تئیں بدل دیا تھا۔ (اور کافر ہو گئے تھے یا ان کی حالت بدل گئی تھی بدعت اور ظلم میں گرفتار ہو گئے تھے) تب میں کہوں گا: جاؤ دور ہو، دور ہو۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 52
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نکلے قبرستان کی جانب تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سلامتی ہو تم پر اے مؤمنوں کی قوم اور ہم بھی آپ لوگوں سے ملنے والے ہیں۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 53
ابوحازم سے روایت ہے کہ میں سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے پیچھے تھا۔ وہ نماز کے لئے وضو کر رہے تھے تو اپنے ہاتھ کو دھوتے تھے لمبا کر کے یہاں تک کہ بغل تک دھویا۔ میں نے کہا: اے ابوہریرہ! یہ کیسا وضو ہے؟ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: اے فروخ کی اولاد! (فروخ ابراہیم کے ایک بیٹے کا نام ہے جس کی اولاد میں عجم کے لوگ ہیں ابوحازم بھی عجمی تھے) تم یہاں موجود ہو اگر میں جانتا تم یہاں موجود ہو تو اس طرح وضو نہ کرتا۔ میں نے سنا اپنے دوست سے (یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے) آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”قیامت کے دن مؤمن کو وہاں تک زیور پہنایا جائے گا جہاں تک اس کا وضو پہنچتا ہو۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 54
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا میں تم کو نہ بتاؤں وہ باتیں جن سے گناہ مٹ جائیں (یعنی معاف ہو جائیں یا لکھنے والوں کے دفتر مٹ جائیں) اور درجے بلند ہوں۔“ (جنت میں) لوگوں نے کہا: کیوں نہیں یا رسول اللہ! بتلائیے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پورا کرنا وضو کا سختی اور تکلیف میں (جیسے جاڑے کی شدت میں یا بیماری میں) اور بہت ہونا قدموں کا مسجد تک۔ (اس طرح کہ مسجد گھر سے دور ہو اور بار بار جائے) اور انتظار کرنا دوسری نماز کا ایک نماز کے بعد یہی «رباط» ہے۔“ (یعنی نفس کا روکنا عبادات کیلئے یا وہ «رباط» ہے جو جہاد میں ہوتا ہے جس کا ذکر قرآن شریف میں ہے «ورابطوا»)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 55
ایک اور سند سے یہی حدیث مروی ہے مگر اس میں یہ الفاظ دو مرتبہ ہیں کہ ”یہ «رباط» ہے یہ «رباط» ہے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 56
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر مسلمانوں پر شاق (یعنی دشوار) نہ ہوتا“ اور زہیر کی روایت میں یوں ہے کہ ”اگر میری امت پر شاق نہ ہوتا تو میں ان کو حکم کرتا ہر نماز کے وقت مسواک کرنے کا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 57
مقدام بن شریح نے اپنے باپ سے سنا، انہوں نے کہا میں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب گھر میں آتے تو پہلے کیا کام کرتے، کہا: مسواک کرتے (اس سے معلوم ہوا کہ مسواک کتنی ضروری چیز ہے)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 58
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب گھر آتے تو پہلے مسواک کرتے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 59
سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گیا، مسواک کا ایک کونہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان پر تھا (یعنی مسواک سے زبان صاف کر رہے تھے)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 60
سیدنا خذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب کھڑے ہوتے تہجد پڑھنے کو تو منہ صاف کرتے مسواک سے (یا دانتوں کو ملتے مسواک سے)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 61
سیدناخذیفہ رضی اللہ عنہ سے مذکورہ روایت کی طرح ہی مروی ہے الفاظ کی کچھ تبدیلی کے ساتھ۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 62
سیدنا خذیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بھی رات کو قیام کرتے تو منہ مسواک کے ساتھ صاف کرتے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 63
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ وہ ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس رہے، تو پچھلی رات کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اٹھے اور باہر نکلے آسمان کی طرف دیکھا، پھر یہ آیت پڑھی جو سورۂ آل عمران میں ہے «إِنَّ فِي خَلْقِ السَّمَوَاتِ وَالْأَرْضِ وَاخْتِلَافِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ» سے «فَقِنَا عَذَابَ النَّار» تک پھر لوٹ کر اندر آئے اور مسواک کی اور وضو کیا اور کھڑے ہو کر نماز پڑھی، پھر لیٹ رہے، پھر اٹھے اور باہر نکلے اور آسمان کی طرف دیکھا اور یہی آیت پڑھی، پھر لوٹ کر اندر آئے اور مسواک اور وضو کیا، پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 64
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”فطرت پانچ ہیں یا پانچ چیزیں فطرت میں سے ہیں۔ ختنہ کرنا اور زیرناف کے بال مونڈنا اور ناخن کاٹنا اور بغل کے بال اکھیڑنا اور مونچھ کترانا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 65
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”فطرت پانچ چیزیں ہیں، ختنہ کرنا، زیرناف بال مونڈنا، مونچھیں کترانا، ناخن کاٹنا، بغل کے بال اکھیڑنا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 66
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے کہا: ہمارے لیے میعاد مقرر ہوئی مونچھ کترنے کی اور ناخن کاٹنے کی اور بغل کے بال نوچنے کی اور زیرِناف کے بال مونڈنے کی کہ نہ چھوڑیں ہم ان کو چالیس دن سے زیادہ۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 67
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مٹا دو مونچھوں کو اور چھوڑ دو داڑھیوں کو۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 68
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہم کو حکم ہوا مونچھوں کو جڑ سے کاٹنے کا اور داڑھی کو چھوڑ دینے کا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 69
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”خلاف کرو مشرکوں کا، نکال ڈالو مونچھوں کو اور پورا رکھو داڑھیوں کو“ (یعنی چھوڑ دو ان کو اور ان میں کتربیونت نہ کرو)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 70
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کترو مونچھوں کو اور لٹکاؤ داڑھیوں کو اور خلاف کرو فارسیوں کا“ (یعنی آتش پرستوں کا)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 71
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”دس باتیں پیدائشی سنت ہیں ایک مونچھیں کترنا، دوسری داڑھی چھوڑ دینا، تیسری مسواک کرنا، چوتھی ناک میں پانی ڈالنا، پانچویں ناخن کاٹنا، چھٹی پوروں کا دھونا (کانوں کے اندر اور ناک اور بغل اور رانوں کا دھونا) ساتویں بغل کے بال اکھیڑنا، آٹھویں زیرِ ناف کے بال لینا، نویں پانی سے استنجا کرنا۔ (یا شرم گاہ پر وضو کے بعد تھوڑا سا پانی چھڑک لینا) مصعب نے کہا: میں دسویں بات بھول گیا۔ شاید کلی کرنا ہو۔ وکیع نے کہا: «انْتِقَاصُ الْمَاءِ» سے (جو حدیث میں وارد ہے) استنجاء مراد ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 72
اس سند سے بھی یہی حدیث مروی ہے سوائے اس کے کہ یہاں زکریا نے کہا کہ اس کے باپ نے کہا: اور میں دسویں چیز بھول گیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 73
سیدنا سلمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے کہا گیا: تمہارے نبی نے تم کو ہر بات سکھائی یہاں تک کہ پائخانہ اور پیشاب کو بھی۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ ہم کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع کیا قبلہ کی طرف منہ کرنے سے پیشاب اور پائخانہ کے لئے یا ہم استنجا کریں داہنے ہاتھ سے یا تین پتھروں سے کم میں استنجاء کریں یا گوبر اور ہڈی سے استنجاء کریں۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 74
سیدنا سلمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم سے مشرکوں نے کہا: ہم دیکھتے ہیں تمہارے صاحب کو وہ تم کو ہر چیز سکھاتے ہیں یہاں تک کہ پائخانہ اور پیشاب کرنا بھی۔ سیدنا سلمان رضی اللہ عنہ نے کہا: بے شک آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم کو منع کیا ہے داہنے ہاتھ سے اتنجا کرنے سے یا قبلہ کی طرف منہ کر کے اور منع کیا ہے ہم کو گوبر اور ہڈی سے استنجا کرنے سے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ”کوئی تم میں سے استنجا نہ کرے، تین پتھروں کے بغیر یا تین پتھروں سے کم میں۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 75
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے منع کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پونچھنا ہڈی یا مینگنی سے (یعنی استنجے کو ان چیزوں سے)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 76
سیدنا ابوایوب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم پائخانے کو جاؤ تو قبلہ کی طرف نہ منہ کرو نہ پیٹھ کرو اس طرف پائخانہ یا پیشاب میں، البتہ پورب یا پچھم کی طرف منہ کرو۔“ سیدنا ابوایوب رضی اللہ عنہ نے کہا: پھر ہم شام کے ملک میں تو دیکھا کھڈیاں قبلہ کی طرف بنی ہوئی ہیں ہم ان سے منہ پھیر لیتے تھے اور اللہ سے استغفار کر تے تھے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 77
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی حاجت کے لئے بیٹھے تو قبلہ کی طرف منہ نہ کرے اور نہ پیٹھ۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 78
واسع بن حبان سے روایت ہے، میں نماز پڑھتا تھا مسجد میں اور سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما اپنی پیٹھ قبلہ کی طرف لگائے ہوئے بیٹھے تھے، جب میں نماز پڑھ چکا تو ایک طرف سے ان کے پاس مڑا، عبداللہ رضی اللہ عنہ نے کہا: لوگ کہتے ہیں جب حاجت کو بیٹھو تو قبلہ اور بیت المقدس کی طرف منہ نہ کرو اور میں چھت پر چڑھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دو اینٹوں پر بیٹھے ہوئے دیکھا حاجت کے لئے بیت المقدس کی طرف منہ کئے ہوئے (اور جب بیت المقدس کی طرف منہ ہو گا تو قبلہ کی طرف پیٹھ ہو گی)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 79
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ میں اپنی بہن سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا کے گھر چڑھا۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا حاجت کے لئے بیٹھے ہوئے شام کی طرف منہ تھا اور قبلہ کی طرف پیٹھ تھی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 80
سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کوئی تم میں سے اپنا ذکر پیشاب کرتے وقت داہنے ہاتھ سے نہ تھامے اور پائخانہ کے بعد داہنے ہاتھ سے استنجاء نہ کرے اور برتن پر پھونک نہ مارے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 81
سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کوئی تم میں سے پائخانہ کے لئے جائے تو اپنے ذکر کو داہنے ہاتھ سے نہ چھوئے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 82
سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع کیا برتن میں پھونکنے سے اور اپنے ذکر کو داہنے ہاتھ سے چھونے سے اور داہنے ہاتھ سے استنجا کرنے سے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 83
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پسند کرتے تھے، داہنی طرف سے شروع کرنے کے طہارت میں اور کنگھا کرنے میں اور جوتا پہننے میں۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 84
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم داہنی طرف سے شروع کرنا ہر ایک کام میں پسند کرتے جوتا پہننے میں اور کنگھی کرنے میں اور طہارت کرنے میں (بخاری کی روایت میں ہے جہاں تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ہو سکتا ہر ایک کام میں)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 85
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بچو تم لعنت کے دو کاموں سے۔“ (یعنی جن کی وجہ سے لوگ تم پر لعنت کریں) لوگوں نے کہا: وہ لعنت کے دو کام کون سے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایک تو راہ میں (جدھر سے لوگ جاتے ہوں) پائخانہ کرنا، دوسری سایہ دار جگہ (جہاں لوگ بیٹھ کر آرام کر لیتے ہوں) پائخانہ کرنا۔“ (ان دونوں کاموں سے لوگوں کو تکلیف ہو گی اور وہ برا کہیں گے لعنت کریں گے)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 86
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک باغ کے اندر گئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے ایک لڑکا تھا وہ لڑکا ہم سب میں چھوٹا تھا۔ اس نے بدھنا (لوٹا وغیرہ) ایک بیری کے پاس رکھ دیا پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی حاجت سے فارغ ہوئے اور باہر نکلے پانی سے استنجا کر کے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 87
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پائخانہ جاتے، میں اور ایک اور لڑکا میرے برابر پانی کا ڈول اور برچھی اٹھاتے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم استنجا کرتے پانی سے (اور برچھی اس واسطے ساتھ رکھتے کہ اس کو سامنے گاڑھ کے نماز پڑھیں)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 88
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حاجت کو کھلے میدان میں جاتے (لوگوں کی نظر سے دور) پھر میں پانی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لاتا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے استنجا کرتے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 89
ہمام سے روایت ہے سیدنا جریر رضی اللہ عنہ نے پیشاب کیا، پھر وضو کیا اور مسح کیا موزوں پر۔ لوگوں نے کہا: آپ ایسا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ہاں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیشاب کیا، پھر وضو کیا، اور مسح کیا دونوں موزوں پر۔ اعمش نے کہا: ابراہیم نے کہا: لوگوں کو یہ حدیث بہت بھلی معلوم ہوئی تھی کیونکہ جریر رضی اللہ عنہ سورۂ مائدہ کے اترنے کے بعد مسلمان ہوئے تھے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 90
ایک دوسری سند سے بھی یہی روایت منقول ہے اس میں یہ بھی ہے کہ عبداللہ کے اصحاب کو یہ حدیث بھلی معلوم ہوتی تھی کیونکہ جریر نزولِ (سورۂ) مائدہ کے بعد مسلمان ہوئے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 91
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک قوم کے گھورے پر پہنچے تو کھڑے ہو کر پیشاب کیا، ميں سرک گيا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نزدیک آ۔“ میں نزدیک چلا گیا۔ یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایڑیوں کے پاس کھڑا ہو گیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا اور موزوں پر مسح کیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 92
سیدنا ابووائل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نہایت سختی کرتے تھے پیشاب میں، وہ پیشاب کیا کرتے تھے ایک شیشی میں اور کہتے تھے کہ بنی اسرائیل میں جب کسی کے بدن کو پیشاب لگ جاتا تو وہ کھال کترتا قینچیوں سے۔ سیدنا خذیفہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ ایسی سختی نہ کرتے تو بہتر تھا۔ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چل رہا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک قوم کے گھورے پر آئے دیوار کے پیچھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے جس طرح سے تم میں کوئی ہوتا ہے پھر پیشاب کیا میں دور ہٹا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارہ فرمایا: ”پاس آ“، یہاں تک کہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایڑیوں کے پاس کھڑا رہا۔ جب تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم پیشاب سے فارغ نہ ہوئے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 93
سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے کام کو نکلے، ان کے پیچھے سیدنا مغیرہ رضی اللہ عنہ پانی کا ڈول لے کے گئے اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم حاجت سے فارغ ہوئے تو پانی ڈالا آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر (یعنی وضو کے وقت) پھر وضو کیا اور مسح کیا موزوں پر، ابن رمح کی روایت میں یوں ہے پانی ڈالا آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فارغ ہوئے حاجت سے (یعنی وضو سے)۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 94
یحییٰ بن سعید اس سند سے بیان کرتے ہیں اور اس میں یہ الفاظ ہیں کہ پھر چہرے کو اور ہاتھوں کو دھویا اور اپنے سر کا مسح کیا پھر موزوں کا مسح کیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 95
سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، میں ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم اترے اور حاجت سے فارغ ہوئے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم آئے تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر پانی ڈالا ڈول سے جو میرے پاس تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا اور مسح کیا موزوں پر۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 96
مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، میں سفر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے مغیرہ! چھاگل لے لے پانی کی“، میں نے لے لی۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نکلا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم چلے یہاں تک کہ میری نظر سے غائب ہو گئے اور حاجت سے فارغ ہوئے پھر لوٹ کر آئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک جبہ پہنے ہوئے تھے شام کا، تنگ آستینوں کا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چاہا اپنے ہاتھ آستینوں سے باہر نکالنا وہ نکل نہ سکے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نیچے سے ہاتھوں کو نکال لیا، پھر میں نے وضو کا پانی ڈالا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا جیسے نماز کے لئے وضو کرتے ہیں، پھر مسح کیا موزوں پر، پھر نماز پڑھی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 97
سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حاجت کے واسطے نکلے جب لوٹے تو میں پانی کا ڈول لے کر آیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر پانی ڈالا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھ دھوئے، پھر منہ دھویا، پھر ہاتھ دھونا چاہے جبہ تنگ تھا، آخر ہاتھوں کو جبہ کے نیچے سے نکالا اور دھویا ان کو اور سر پر مسح کیا اور موزوں پر مسح کیا، پھر ہمارے ساتھ نماز پڑھی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 98
سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا تمہارے پاس پانی ہے؟“ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سواری پر سے اترے اور چلے یہاں تک کہ اندھیری رات میں نظروں سے چھپ گئے، پھر لوٹ کر آئے تو میں نے پانی ڈالا ڈول سے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منہ دھویا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جبہ اون کا پہنے ہوئے تھے تو ہاتھ آستینوں سے باہر نہ نکال سکے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نیچے سے ہاتھوں کو باہر نکالا اور دھویا اور سر پر مسح کیا۔ پھر میں جھکا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے موزے اتارنے کو، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”رہنے دے۔ میں نے ان کو طہارت پر پہنا ہے۔“ اور مسح کیا ان دونوں پر۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 99
سیدنا مغیرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو وضو کرایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا اور دونوں موزوں پر مسح کیا۔ مغیرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے ان کو طہارت میں پہنا ہے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 100
سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سفر میں پیچھے رہ گئے، میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پیچھے رہ گیا۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم حاجت سے فارغ ہوئے تو فرمایا: ”تمہارے پاس پانی ہے؟“ میں ایک چھاگل لے کر آیا پانی کی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھ دھوئے اور منہ دھویا پھر باہیں آستینوں سے نکالنا چاہیں تو آستین تنگ ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نیچے سے ہاتھ کو نکالا اور جبہ کو اپنے مونڈھوں پر ڈال دیا اور دونوں ہاتھ دھوئے اور پیشانی پر مسح کیا اور عمامہ پر اور موزوں پر پھر سوار ہوئے میں بھی سوار ہوا۔ جب اپنے لوگوں میں پہنچے تو وہ نماز پڑھ رہے تھے سیدنا عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ ان کو نماز پڑھا رہے تھے اور وہ ایک رکعت پڑھ چکے تھے۔ ان کو جب معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ہیں وہ پیچھے ہٹنے لگے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارہ کیا اپنی جگہ پر رہو۔ آخر انہوں نے نماز پڑھائی جب سلام پھیرا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے اور میں بھی کھڑا ہوا اور ایک رکعت جو ہم سے پہلے ہو چکی تھی پڑھ لی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 101
سیدنا مغیرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسح کیا موزوں پر اور پیشانی پر اور عمامہ پر۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 102
سیدنا مغیرہ رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے مذکورہ حدیث کی طرح روایت کرتے ہیں۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 103
سیدنا مغیرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا تو مسح کیا پیشانی پر اور عمامہ پر اور موزوں پر۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 104
سیدنا بلال رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسح کیا موزوں پر اور عمامہ پر۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 105
اعمش سے اس سند کے ساتھ بھی یہ روایت مروی ہے اور ایک روایت میں ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 106
شریح بن ہانی سے روایت ہے، میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس آیا ان سے موزوں کا مسح پوچھنے کو۔ انہوں نے کہا کہ تم ابوطالب کے بیٹے (یعنی سیدنا علی رضی اللہ عنہ) سے پوچھو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سفر کیا کرتے تھے۔ ہم نے ان سے پوچھا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسافر کے لئے مسح کی مدت تین دن رات مقرر کی اور مقیم کے لئے ایک دن رات۔ راوی نے کہا کہ جب سفیان عمرو کا ذکر کرتے تو ان کی تعریف کرتے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 107
حکم سے اس سند کے ساتھ اسی طرح روایت ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 108
شریح بن ہانی کہتے ہیں: میں نے پوچھا سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے موزوں پر مسح کا مسئلہ تو کہنے لگیں: تم علی کے پاس جاؤ کیونکہ وہ مجھ سے یہ مسئلہ زیادہ جانتے ہیں تو میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے پاس آیا تو انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اسی طرح بیان کیا جیسے ابھی ذکر ہوا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 109
سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جس دن مکہ فتح ہوا، ایک وضو سے کئی نمازیں پڑھیں اور مسح کیا موزوں پر۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: یا رسول اللہ! آپ نے آج وہ کام کیا جو کبھی نہیں کیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے قصداً ایسا کیا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 110
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کوئی تم میں سے سو کر اٹھے تو اپنا ہاتھ برتن میں نہ ڈالے، جب تک اس کو تین بار نہ دھو لے۔ کیونکہ معلوم نہیں کہاں رہا ہاتھ اس کا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 111
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مذکورہ حدیث کی طرح بیان فرمایا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 112
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسی ہی روایت کرتے ہیں۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 113
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کوئی تم میں سے جاگے تو اپنے ہاتھ پر تین بار پانی ڈالے اس لئے کہ اس کو معلوم نہیں کہ کہاں رہا ہاتھ اس کا رات کو۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 114
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے یہ حدیث کئی اسانید سے مروی ہے ہر ایک میں ہاتھ دھونے کا ذکر ہے مگر کسی ایک نے بھی تین مرتبہ کا ذکر نہیں کیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 115
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کتا منہ ڈال کر پئے تم میں سے کسی کے برتن میں تو بہا دے اس کو پھر سات بار دھو دے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 116
اعمش سے اس سند کے ساتھ مذکورہ حدیث کی طرح روایت ہے مگر اس نے یہ نہیں کہا: بہا دے اس کو۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 117
سیدناابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”جب کتا تمہارے برتن میں سے پئیے تو اس کو سات بار دھونا چاہیے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 118
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”تمہارے برتن کی پاکی جب کتا اس میں منہ ڈال کر پئیے یہ ہے کہ اسے سات بار دھوئیں پہلی بار مٹی سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 119
ہمام بن منبہ سے روایت ہے یہ حدیثیں ہم سے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے، ان میں سے ایک حدیث یہ بھی تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے کسی کے برتن کی پاکی جب کتا اس میں سے پئے یہ ہے کہ اس کو سات بار دھو۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 120
سیدنا عبداللہ بن مغفل مزنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم کیا کتوں کو مار ڈالنے کا پھر فرمایا: ”کیا ہے حال ان کا اور حال کتوں کا۔“ پھر اجازت دی شکاری کتا اور گلے کا کتا پالنے کی (یعنی بکریوں کی منڈی کی حفاظت کے لئے) اور فرمایا: ”جب کتا برتن میں منہ ڈال کر پیئے تو اس کو سات بار دھوؤ اور آٹھویں بار مٹی سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 121
یحییٰ بن سعید کی روایت میں اتنا زیادہ ہے اور رخصت دی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بکریوں کا کتا اور شکاری کتا اور کھیت کا کتا پالنے کی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 122
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع کیا تھمے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے سے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 123
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کوئی تم میں سے تھمے ہوئے پانی میں پیشاب نہ کرے اور یہ بھی نہ کرے کہ پیشاب کر کے پھر اس میں غسل کرے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 124
ہمام بن منبہ نے کہا: یہ وہ حدیثیں ہیں جو ہم سے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کیں، پھر کئی حدیثیں بیان کیں۔ ان میں ایک یہ بھی تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایسا مت کر کہ پیشاب کرے تو تھمے ہوئے پانی میں جو بہتا نہیں پھر غسل کرے اسی پانی سے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 125
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں کسی کو نہانے کی حاجت ہو تو وہ تھمے ہوئے پانی میں نہ نہائے۔“ لوگوں نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے کہا: پھر کیا کرے؟ انہوں نے کہا: ہاتھوں سے پانی لے کر نہائے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 126
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دیہاتی مسجد میں پیشاب کرنے لگا۔ لوگ (اس کو مارنے یا ہٹانے کے لئے) اٹھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مت روکو پیشاب اس کا۔“ جب وہ پیشاب کر چکا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ڈول پانی کا منگوایا اور اس پر ڈال دیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 127
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ ذکر کرتے تھے کہ ایک دیہاتی مسجد کے کونے میں کھڑے ہو کر پیشاب کرنے لگا لوگ چلائے۔ اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”چھوڑ دو اس کو۔“ جب وہ پیشاب کر چکا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم کیا تو ایک ڈول پانی کا اس کے پیشاب پر ڈالا گیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 128
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے مسجد میں، اتنے میں ایک دیہاتی آیا اور کھڑے ہو کر پیشاب کرنے لگا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب رضی اللہ عنہم نے کہا: ہائیں ہائیں کیا کرتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس کا پیشاب مت روکو، جانے دو۔“ لوگوں نے چھوڑ دیا۔ یہاں تک کہ وہ پیشاب کر چکا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو بلایا اور فرمایا: ”مسجدیں پیشاب اور نجاست کے لائق نہیں یہ تو اللہ کی یاد کے لئے اور نماز اور قرآن پڑھنے کے لئے بنائی گئی ہیں۔“ یا ایسا ہی کچھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ پھر ایک شخص کو حکم کیا وہ ایک ڈول پانی کا لایااور اس پر بہا دیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 129
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لوگ بچوں کو لاتے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے لئے دعا کرتے اور ہاتھ پھیرتے، ان پر کچھ چبا کر ان کے منہ میں دیتے۔ (جیسے کھجور وغیرہ) ایک لڑکا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر پیشاب کر دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانی منگوایا اور اس جگہ ڈال دیا اور اس کو دھویا نہیں۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 130
ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک دودھ پیتا بچہ لایا گیا، اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی گود میں پیشاب کر دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانی منگوا کر اس جگہ پر ڈال دیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 131
ھشام سے اس سند کے ساتھ بھی یہ روایت مروی ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 132
سیدہ ام قیس بنت محصن رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک بچہ لے کر آئیں جو اناج نہیں کھاتا تھا اور اس کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی گود میں بٹھا دیا۔ اس نے پیشاب کر دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فقط پانی اس پر چھڑک دیا۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 133
زہری بھی اس حدیث کو اس سند سے بیان کرتے ہیں اور اس میں یہ لفظ ہیں کہ آپ نے پانی منگوایا اور چھینٹے مارے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 134
عبیداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ام قیس بنت محصن رضی اللہ عنہا نے جو پہلی مہاجرات میں سے تھیں،جنھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی تھی اور وہ عکاشہ بن محصن رضی اللہ عنہ کی بہن تھیں۔ بیان کیا مجھ سے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اپنے ایک بچےکو لے کر آئیں جو کھانا نہیں کھاتا تھا۔ اس بچہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی گود میں پیشاب کر دیا۔ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانی منگوایا اور کپڑے پر چھڑک دیا اور اس کو دھویا نہیں۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 135
علقمہ رحمہ اللہ اور اسود رحمہ اللہ سے روایت ہے، ایک شخص سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس اترا، وہ صبح کو اپنا کپڑا دھونے لگا (شاید رات کو احتلام ہوگیا ہو گا) سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا تجھے کافی تھا اگر منی تو نے دیکھی صرف اتنا مقام دھو ڈالتا اور جو نہیں دیکھی تو پانی گردا گرد چھڑک دیتا۔ میں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑے سے منی چھیل ڈالتی (یعنی کھرچ ڈالتی اس لئے کہ وہ گاڑھی ہوتی) پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کپڑے کو پہن کر نماز پڑھتے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 136
اسود اور ہمام سے روایت ہے، سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑے سے منی کھرچ ڈالتی تھی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 137
اس سند میں بھی گزشتہ حدیث والا مسئلہ آیا ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 138
ایک اور سند سے وہی حدیث مروی ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 139
عمرو بن میمون سے روایت ہے، میں نے سلیمان بن یسار سے پوچھا: اگر منی کپڑے میں لگ جائے تو منی کو دھو ڈالے یا کپڑے کو دھو دے؟ انہوں نے مجھ سے کہا کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم منی کو دھو ڈالتے پھر نماز کو نکلتے وہی کپڑا پہن کر اور میں دھونے کا نشان دیکھتی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑے میں۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 140
اس سند سے حدیث کے الفاظ میں یہ فرق ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود منی کو دھوتے مگر ابن مبارک اور عبدالواحد کی سند سے یہ الفاظ آئے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑوں سے دھوتی تھی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 141
عبداللہ بن شہاب خولانی سے روایت ہے، میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس اترا، مجھے احتلام ہو گیا کپڑوں میں۔ میں نے ان کو پانی میں ڈبویا، سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی ایک چھوکری نے یہ دیکھا اور ان سے بیان کیا۔ انہوں نے مجھے بلا بھیجا اور پوچھا: ان کپڑوں کو تم نے کیوں ڈبویا۔ میں کہا خواب میں میں نے وہ دیکھا جو سونے والا دیکھتا ہے۔ (مراد احتلام ہے) انہوں نے کہا: کپڑوں میں تو نے کچھ اثر پایا؟ میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے کہا اگر کپڑوں میں تو کچھ دیکھتا تو اس کو دھو ڈالنا کافی تھا اور میں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑے سے سوکھی منی اپنے ناخون سے چھیل ڈالتی۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 142
اسماء رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، ایک عورت آئی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اور اس نے کہا: ہم میں سے کسی کو کپڑے میں حیض کا خون لگ جاتا ہے وہ کیا کرے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا ”پہلے اس کو کھرچ ڈالے پھر پانی ڈال کر ملے، پھر دھو ڈالے، پھر اسی کپڑے میں نماز پڑھے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 143
ہشام بن عروہ سے اس سند کے ساتھ گزشتہ حدیث کی طرح روایت ہے۔ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 144
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دو قبروں پر سے گزرے تو فرمایا: ”ان دونوں قبر والوں پر عذاب ہو رہا ہے اور کچھ بڑے گناہ پر نہیں۔ ایک تو ان میں چغل خوری کرتا (یعنی ایک کی بات دوسرے سے لگانا لڑائی کے لئے) اور دوسرا اپنے پیشاب سے بچنے میں احتیاط نہ کرتا۔“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہری ٹہنی منگوائی اور چیر کر اس کو دو کیا اور ہر ایک قبر پر ایک ایک گاڑ دی اور فرمایا: ”شاید جب تک یہ ٹہنیاں نہ سوکھیں اس وقت تک ان کا عذاب ہلکا ہو جائے۔“ مکمل حدیث پڑھیئے
حدیث نمبر 145
اعمش سے اس سند کے ساتھ یہ روایت ہے، اور اس میں یہ الفاظ ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو دوسرا شخص تھا وہ پیشاب سے بچتا نہیں تھا۔“ مکمل حدیث پڑھیئے