پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے دیہات کو ماڈل گاؤں بنانے کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب پراسپرس ولیجز ایکٹ 2026 متعارف کرانے اور فوری طور پر 120 دیہات میں پائلٹ منصوبہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے مقامی عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ہر گاؤں میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ مریم نواز نے ان کمیٹیوں کو فوری طور پر قائم کرنے اور ان کے کام کا طریقہ کار بھی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
منصوبے کے تحت ہر گاؤں کی کمیٹی کی سربراہی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کریں گے، جبکہ ڈپٹی کمشنر تمام گاؤں کی کمیٹیوں اور مجموعی منصوبے کی نگرانی کریں گے۔ ہر کمیٹی میں عوام کے چار نمائندے اور حکومت کے چار نمائندے شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کمیٹی میں ہیڈ ٹیچر، یونین کونسل کا سیکریٹری، بنیادی مرکز صحت یا مریم نواز ہیلتھ کلینک کا ایک ڈاکٹر اور دیگر متعلقہ افراد بھی شامل ہوں گے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر گاؤں میں سیوریج کا نظام، نکاسی آب کی سہولیات اور پکی گلیاں تعمیر کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تمام دیہات کو ماڈل گاؤں بنانے کا عزم برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ترقی کا دائرہ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ اس کے فوائد ہر گاؤں تک پہنچائے جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہات کی ترقی کے منصوبے تیار کرتے وقت مقامی لوگوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کے ارکان اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے دیہات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں۔