پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کو برآمدات میں استعمال ہونے والے تمام منظور شدہ خام مال کے لیے دستیاب رکھا جائے۔ کونسل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ دھاگے اور کپڑے پر مزید پابندیاں عائد نہ کی جائیں، کیونکہ ایسے اقدامات پاکستان کی ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل برآمدات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) کے چیئرمین فواد انور نے وزیراعظم کو خط لکھ کر ان مطالبات کی مخالفت کی جن میں پاکستان کسٹمز ٹیرف کے چیپٹر 52 اور 55 میں شامل تمام اقسام کے دھاگوں اور کپڑوں کو اس اسکیم سے خارج کرنے کا کہا گیا تھا۔ کونسل نے اس خط کی نقول فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین اور سیکریٹری تجارت کو بھی بھیج دیں۔