زیڈ ٹی ای نوبیا ریڈ میجک 12 پرو پلس کو باضابطہ طور پر چین میں لانچ کر دیا گیا ہے۔ یہ اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ ایکسٹریم جنرل 6 پروسیسر کے ساتھ آنے والا دنیا کا پہلا گیمنگ اسمارٹ فون ہے۔ فون میں گیمنگ کے دوران گرمی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہتر لیکوئڈ کولنگ سسٹم اور زیادہ دیر تک گیم کھیلنے کے لیے بڑی بیٹری دی گئی ہے۔
RedMagic 12 Pro+ میں 6.85 انچ کا BOE X11 OLED ڈسپلے دیا گیا ہے، جس کی ریزولوشن 1.5K اور ریفریش ریٹ 185Hz ہے۔ یہ 500Hz ٹچ سیمپلنگ ریٹ اور 5000Hz فوری ٹچ رسپانس ریٹ کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس کی اسکرین کے کنارے بہت باریک ہیں، جن کی کم سے کم چوڑائی صرف 0.96 ملی میٹر ہے، جبکہ ڈسپلے پر پنچ ہول کیمرہ بھی نہیں دیا گیا، جس سے اسکرین دیکھنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔
RedMagic 12 Pro+ کی اسکرین کی عام حالات میں چمک 1,900 نٹس ہے، جبکہ اسکرین کے چھوٹے حصوں کی چمک 5,000 نٹس تک پہنچ سکتی ہے۔ کم روشنی میں اسکرین کی چمک کو کنٹرول کرنے کے لیے اس میں 2,592 ہرٹز PWM ڈمنگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو DC ڈمنگ کی طرح کام کرتی ہے۔ اس فون میں دنیا کی تیز ترین موبائل چپ بھی دی گئی ہے۔
ریڈ میجک 12 پرو پلس ایک فلیگ شپ گیمنگ اسمارٹ فون ہے، جس میں اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ ایکسٹریم جن 6 پروسیسر دیا گیا ہے، جو 5.01 گیگا ہرٹز تک کی رفتار فراہم کرتا ہے۔ بہتر کارکردگی کے لیے اس میں ریڈ کور R5 گیمنگ چپ اور G1 ڈسپلے کنٹرولر بھی شامل ہیں۔ اس فون میں LPDDR5T ریم دی گئی ہے، جس کی رفتار 10,667 ایم بی پی ایس ہے، جبکہ ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے UFS 4.1 پرو اسٹوریج موجود ہے۔
نئے ماڈل میں 8,400mAh کی بڑی بیٹری دی گئی ہے، جو 120W وائرڈ چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے۔ گیمنگ کے دوران فون بیٹری استعمال کرنے کے بجائے براہِ راست پاور سے چل سکتا ہے، جس سے بیٹری کی کھپت کم ہوتی ہے۔ یہ فون 80W وائرلیس چارجنگ کو بھی سپورٹ کرتا ہے، جبکہ اس کا ICE کولنگ سسٹم فون کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
RedMagic 12 Pro+ میں زیادہ دیر تک گیمنگ کے دوران فون کو گرم ہونے سے بچانے کے لیے تین طرح کا کولنگ سسٹم دیا گیا ہے۔ اس میں ایک فعال کولنگ فین، مائع کولنگ سسٹم اور خاص گرمی خارج کرنے والے مواد شامل ہیں، جو پروسیسر کی گرمی کم کرتے ہیں۔ اس کا فین 25,500 آر پی ایم کی رفتار سے گھوم سکتا ہے۔ یہ نوبیا کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس کے مائع کولنگ سسٹم میں آر جی بی لائٹس بھی دی گئی ہیں۔
ریڈ میجک 12 پرو پلس کو پانی اور گردوغبار سے تحفظ کے لیے IP69 ریٹنگ دی گئی ہے۔ اس میں 50 میگا پکسل کا مین کیمرہ، 50 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرہ اور اسکرین کے نیچے چھپا ہوا 16 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ موجود ہے۔ گیمنگ کے لیے اس فون میں 700Hz کے A+B شولڈر ٹرگرز، نیچے کی جانب دو اسپیکرز، وائی فائی 7 سپورٹ اور الٹراسونک فنگر پرنٹ سینسر بھی دیا گیا ہے۔ اس کے بنیادی ماڈل میں 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج ہے، جس کی قیمت 6,999 چینی یوآن، یعنی تقریباً 2 لاکھ 89 ہزار پاکستانی روپے ہے۔