بالی ووڈ اداکارہ اروشی روتیلا کی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ لاس اینجلس میں قائم ایک مصنوعی ذہانت کی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے اداکارہ کا نام، تصاویر اور ویڈیوز بغیر اجازت استعمال کیں۔ اداکارہ کی ٹیم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، کمپنی نے مناسب اجازت لیے بغیر اروشی کی شناخت اور ان کے مواد کو استعمال کیا۔
ٹیم نے کہا کہ وہ اس معاملے میں مناسب قانونی کارروائی کر رہی ہے، جبکہ معاوضے کی متوقع رقم اس وقت 7,000 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ ٹیم نے یہ بھی واضح کیا کہ اداکارہ کے نام، تصویر یا مشابہت کا کوئی بھی تجارتی استعمال صرف مناسب اجازت کے ساتھ ہی کیا جانا چاہیے۔
حال ہی میں اداکار سلمان خان نے بھی بگ باس 20 کی ایک قسط کے دوران مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔ سلمان خان نے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس ٹیکنالوجی کے ذریعے لوگوں کی تصاویر اور شناخت کو بغیر اجازت استعمال کرنے کے خدشات پر بات کی۔
سلطان اداکار نے کہا کہ کسی شخص کی اجازت کے بغیر اس کی مصنوعی ذہانت سے ویڈیو بنانا یا اے آئی وائس ڈبنگ استعمال کرنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اتنی زیادہ ترقی کر چکی ہے کہ یہ بہت خوفناک ہے اور یہ ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔